حب ڈیم میں پانی نو انچ رہ گیا : شہر قائد قلت آب کا شکار ہوگیا

فوٹو: فائل


کراچی: حب ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک گرگئی ہے جس کے باعث کراچی کو بڑے پیمانے پر قلت آب کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر قائد کو روز مرہ کی ضروریات کے لیے پانی فراہمی کے اہم ترین ذریعے حب ڈیم میں پانی کی سطح نو انچ سے بھی کم رہ گئی  ہے۔ اس صورتحال میں شہر کے متعدد علاقے پانی کے بحران سے دوچار ہوگئے ہیں۔

کراچی کو پانی کی فراہمی کے دو بڑے ذرائع  ہیں۔ اول حب ڈیم اور دوئم کینجھر جھیل ہیں۔ حب ڈیم اورکینجھر جھیل سے پانی بذریعہ دھابیجی، گھارو اورحب پمپنگ اسٹیشنزکے ذریعے کراچی پہنچایا جاتا ہے۔

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے ترجمان رضوان حیدر نے پانی کے پمپس نصب کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ غیرمعمولی صورتحال میں نصب کیے جانے والے پمپس کے ذریعے حب ڈیم کے انتہائی نچلے حصوں سے پانی نکالا جاتا ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پمپس کے فعال ہونے کے بعد شہر کو20 سے 35 ملین گیلنز پرڈے (ایم جی ڈی)  پانی فراہم کیا جا سکے گا۔ اس ضمن میں ترجمان نے واضح کیا کہ پمپس کے ذریعے صرف 20 روز تک پانی فراہم کیا جانا ممکن ہوسکے گا۔

ماہرین کے مطابق اگربارشیں نہ ہوئیں تو جولائی کے آخری ہفتے میں پانی کی فراہمی مکمل طورپر بند ہونے کے خدشات موجود ہیں۔

کراچی کے علاقے ریڑھی گوٹھ میں پانی کی قلت پر لوگ احتجاج کررہے ہیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسائل حل نہ ہوئے تو کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔


متعلقہ خبریں