اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر ہونے والے مقدمات کی فہرست جاری کردی ہے جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق درخواست بھی شامل ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آئندہ ہفتے کے لیے بینچ تشکیل دے دیے ہیں۔ اسلام آباد ،کراچی اور لاھور میں دو دو بینچ مختلف کیسز کی سماعت کریں گے۔
اسلام آباد میں بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں اور بینچ نمبر دو میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور رجسٹری میں بینچ نمبر ایک میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس منظور احمد ملک شامل ہیں۔
لاہور رجسٹری کے بینچ نمبر دو میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس طارق مسعود شامل ہیں۔
کراچی رجسٹری کے بینچ ایک میں جسٹس گلزاراحمد اور جسٹس مقبول باقر شامل ہیں۔ بینچ دو میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق آئندہ ہفتے الیکشن ایکٹ 2017 سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوگی۔ رینٹل پاور بحالی کیس اور سندھ میں بلدیاتی اداروں کو اختیارت منتقل کرنے سے متعلق درخواستیں بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔
عدالت عظمی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی شادی ہال اور پانی کی کمی پر از خود نوٹس کیس کی سماعت بھی ہوگی۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سینیٹ رکنیت سے نااہلی کیس، میمو کمیشن کیس اور قرضہ معافی کیس بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کا بینچ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے ریفرنڈم کرانے کی درخواست اور نابینا سول جج یوسف سلیم کی درخواست پر سماعت بھی آہندہ ہفتے کرے گا۔ ججز کی دہری شہریت کیس، وکلا جعلی ڈگری کیس اور پی آئی اے سے قوم پرچم کی تصویر ہٹانے کی درخواستوں پر سماعت بھی آئندہ ہفتے ہوگی۔
ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی اور ایساف کنٹینر کیس سمیت دیگراہم مقدمات بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔