حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کر سکتا، زعیم قادری کی بغاوت


لاہور: مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنما زعیم قادری نے مسلم لیگ نون سے بغاوت کرتے ہوئے لاہور سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نظریاتی کارکن ہوں اس لیے بہت کچھ برداشت کیا ہے، 2013 کے انتخابات میں مجھے نوازشریف اور بیگم کلثوم نواز کا کورنگ امیدوار بنایا گیا لیکن ایسے لوگوں کو نواز دیا گیا جنہوں نے کبھی قیادت کا دفاع بھی نہیں کیا، میں نے لوگوں سے برا بھلا سنا لیکن ماتھے پر شکن نہ لایا۔

زعیم قادری نے کہا کہ میں مسلم لیگ نون پنجاب کا سیکرٹری جنرل بھی رہا لیکن مجھے یہ کہہ کر ہٹا دیا گیا کہ مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر کو میری شکل پسند نہیں، اس کے باوجود میں نے کسی کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا، میری رگوں میں مولا علی کا خون ہے، خدمت کر سکتا ہوں ذات نہیں بیچ سکتا۔

انہوں نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز لاہور تمہاری اور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں، لاوَ اپنے نوکروں کو اور میرے ساتھ  الیکشن لڑو، مجھے اس لیے تبدیل کر دیا گیا ہے کہ تمہیں میں پسند نہیں ہوں، اب میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اب میرا الیکشن تمہارے اور تمہارے والد کے خلاف ہو گا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں حمزہ شہباز کے جوتے پالش نہیں کر سکتا۔

زعیم قادری نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ آپ دس سال سے کسی سے نہیں ملے، میں ہر ایک کے پاس جاؤں گا اور یہ جنگ لڑوں گا، سب کو بتاؤں گا کہ ان دس سالوں میں میرے ساتھ  کیا ہوا ہے، میں یہیں پر سیاست کر کے دکھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خون میں مسلم لیگ ہے اور رہے گی، میں آٹھ سال میاں نواز شریف کا ترجمان رہا، مجھے فخر ہے کہ پانچ بار پابند سلاسل رہا ہوں، میرا الیکشن حمزہ شہباز سے ہے، آج سے جنگ اور الیکشن ساتھ  ساتھ ہوں گے، الیکشن جیت کر دکھاؤں گا۔

زعیم قادری نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے پہلی بار ذاتی حیثیت میں احکامات دیئے اور میں نے نہیں مانے، انہوں نے اس موقع پر حلقہ این اے 133 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا  اور کہا کہ آصف رضا بیگ بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق اور رانا مشہود نے زعیم قادری کو منانے کے لیے ان  کے آفس میں طویل مذاکرات کیے تاہم ناکامی کے بعد دونوں مسلم لیگی رہنما واپس چلے گئے اور زعیم قادری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بغاوت کا اعلان کر دیا۔


متعلقہ خبریں