سکندر بوسن کو میرٹ پر ٹکٹ دیا گیا،فواد چودھری

سکندر بوسن کو میرٹ پر ٹکٹ دیا گیا،فواد چودھری | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات اور قومی اسمبلی کے امیدوار فواد چودھری کا کہنا ہے کہ کارکنوں کا احتجاج اتنا اہم مسئلہ نہیں ہے۔

گزشتہ الیکشن میں تحریک انصاف چھوڑ کر ن لیگ میں جانے اور وفاقی وزیر رہنے والے سکندر بوسن کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیا گیا ہے۔

ہم نیوز پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اب تک 178 افراد کو ٹکٹ دیے ہیں جو پرانے اور نئے لوگوں میں تسیم کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں ایک انٹرویو میں عمران خان کہہ چکے ہیں کہ 272 منتخب ارکان اور 342 کل اراکین پر مشتمل قومی اسمبلی کے لیے 240 افراد کو پارٹی ٹکٹ دیے جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں: کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کروں گا،عمران خان

جمعرات کے روز دیے گئے ٹیلی ویژن انٹرویو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہر شخص سمجھتا ہے وہ میرٹ کے مطابق ہے، احتجاج کرنے والوں میں بہت سے لوگوں کے مطالبات ماننے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے ٹکٹوں کے اعلان کے بعد سے ناراض کارکنان و رہنما عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔

مختلف حلقوں کے ٹکٹ غلط افراد کو دیے جانے پر احتجاج کرنے والوں میں سکندر بوسن کے حلقہ انتخاب کے افراد بھی شامل ہیں۔ مسلسل چوتھے روز دھرنے پر موجود ناراض کارکنان کا کہنا ہے کہ این اے 154 ملتان کا ٹکٹ احمد حسین ڈھیڑ کو دیا جائے۔

متعلقہ خبر: کھلاڑیوں نے بغاوت کردی: عمران خان کی بات ماننے سے انکار

پی ٹی آئی کارکنان کے مسلسل احتجاج کے بعد پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف میں تعینات کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے بنی گالہ میں 700 احتجاجی کارکنان کی موجودگی کی بنیاد پر کمشنر آفس سے کہا گیا تھا کہ 300 رینجرز اہلکار بھی تعینات کئے جائیں۔


متعلقہ خبریں