جسم کو تندرست و توانا رکھنے کے لیے یوگا کیوں ضروری ہے؟

جسم کو تندرست و توانا رکھنے کے لیے یوگا کرنا کیوں ضروری ہے؟ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: یوگا کرنے سے جسم خوبصورت اور لچک دار ہی نہیں ہوتا بلکہ اس میں ایک توازن بھی پیدا ہوتا ہے۔ یوگا کے عالمی دن پر جائزہ لیتے ہیں کہ ہمارے جسم کو یوگا سے اور کیا حاصل ہو سکتا ہے اور یہ ہے کیا۔

یوگا سنسکرت لفظ ”یوج“ سے نکلا ہے، جس کے معنی متحد ہونے کے ہیں۔ یوگا ماہرین کا دعوی ہے کہ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں جسم کا دماغ سے رابطہ پیدا کرکے کائنات کے رازوں سے پردہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

درجن بھر سے زائد قسمیں رکھنے والا یوگا کے متعلق انٹرنیٹ پر خاصا مفید مواد موجود ہے تاہم ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ویڈیوز کی مدد سے یوگا کا تجربہ خود کرنے کے بجائے بہتر ہے کہ کسی ماہر کی زیرنگرانی اس عمل سے گزرا جائے۔

عمومی طور پر یوگا کو پانچ ہزار برس قبل شمالی ہندوستان میں متعارف کروایا گیا ایسا عمل سمجھا جاتا ہے جو ہندوازم سے متعلق ہے تاہم ماہرین اسے درست نہیں مانتے۔یوگا جرنل کے مطابق ہندوازم، بدھ ازم اور یوگا تینوں ویدک سے نکلی شاخیں ہیں۔ اس کا مقصد ذہن اور جسم کو ایک ایسے عمل سے گزارنا تھا جو انسان کو خودشناسی کی منزل پانے میں معاون ہو سکے تاہم گزرتے وقت کے ساتھ یہ غلط تصورات کا شکار ہوتا چلا گیا۔

انسانی جسم میں طاقت اور قوت پیدا کرنے کے لیے یوگا بہت فائدہ مند ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ایک گروپ نے 24 ہفتے روزانہ یوگا کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے جسم میں مزید طاقت محسوس کی۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے میں یوگا انتہائی مفید ہے۔ سخت ورزش اور کم غذا استعمال کرنے کے مقابلے میں یوگا کرنا آسان ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ یوگا سے انہیں وزن گھٹانے اور چربی کم کرنے میں مدد ملی۔

اگر آپ بھی نیند کی کمی کا شکار ہیں تو آپ کے مسئلہ کا حل بہت آسان ہے۔ ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ یوگا کرنے والے جلد سو جاتے ہیں اور اٹھنے کے بعد تازہ دم ہو کر اٹھتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: انڈے: صحت کے لیے اتنے مفید کہ یقین نہ آئے

2005 میں منظر عام پر آنے والی ایک تحقیق سے یہ بات واضح ہوئی کہ کمر کا درد کا علاج یوگا سے بہتر کوئی نہیں ہے۔ جس سے آپ کئی مہینوں تک درد سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔ 

جسم میں سوزش، جلن اور سوجن کینسر، شوگر یہاں تک کے امراض قلب کا بھی سبب ہوسکتی ہے۔ 2014 میں ایک تجزیاتی رپورٹ سامنے آئی  جس میں یوگا کو سوزش سے پیدا ہونے والے سرخ نشان ختم کرنے میں مفید قرار دیا گیا۔ 

ڈپریشن کے شکار لوگوں کو خاص طور پر یوگا کرنا چاہیے ۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس سے دل کی دھڑکن اور خون کا دباؤ کم ہوتا اور سانس لینے میں آسانی ہوتی ہے۔ یوگا سے جسم میں ہونے والی تبدیلی ڈپریشن کم کرکے دماغ کو سکون دیتا ہے۔زمانہ قدیم میں جہاں چین اور جاپان میں کراٹے، کنگفو اور جوڈو مقبول تھے وہیں پاکستان اور بھارت میں کشتی لڑنے والے پہلوانوں کی دھوم ہوتی تھی۔ مگر آج کل کے نوجوان ورزش اور یوگا سے خود کو تندرست رکھتے ہیں۔

انسانی جسم و ذہن کو تازگی دینے کا ذریعہ بننے والے یوگا کی مختلف اقسام مختلف عمر اور مختلف جسمانی ساخت کے حامل لوگوں کے لیے تجویز کی جاتی ہیں۔

یوگا ماہرین کے مطابق دیگر جسمانی مشقوں کی طرح اسے روزانہ کرنا لازم نہیں ہے، ہفتہ میں کسی ایک روز ایک گھنٹہ کے لیے یوگا کی مشق بھی نتائج کے لیے کافی ہے۔

یوگا کو وزن کم کرنے کا ذریعہ تو تسلیم کیا جاتا ہے تاہم جسمانی وزن کی کمی کے لیے اس سے بہتر مشقیں موجود ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق وزن میں کمی کے لیے صرف یوگا پر انحصار درست نہیں البتہ یہ مشق آپ کو وزن کم کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہونے میں معاون رہتی ہے۔


متعلقہ خبریں