اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری 75 کروڑ 86 لاکھ 69 ہزار 73 روپے کے مالک اور کسی بھی حکومتی ادارے یا محکمے کے ڈیفالٹر نہیں جبکہ ان کے ذرائع آمدن زمین داری اور کاروبار ہیں۔
الیکشن کمیشن میں سابق صدر کی جانب سے جمع کرائے جانے والے حلف نامے کی کاپی ہم نیوز کو موصول ہو گئی ہے جس کے مطابق آصف زرداری 349 ایکٹر زرعی زمین کے مالک ہیں جبکہ 7399 ایکٹر زمین انہوں نے ٹھیکے پر حاصل کر رکھی ہے۔
2015 میں آصف زرداری نے زمین داری سے دس کروڑ 55 لاکھ 60 ہزار روپے کمائے اور اپنے کاروبار سے 76 لاکھ 66 ہزار روپے کا منافع حاصل کیا جبکہ اسی سال انہوں نے 19 لاکھ پانچ ہزار 600 روپے ٹیکس بھی ادا کیا۔
2016 میں آصف زرداری نے زمین داری سے گیارہ کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار روپے اور کاروبار سے 82 لاکھ 45 ہزار900 روپے کمائے جبکہ 21 لاکھ پانچ ہزار 565 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔
اسی طرح 2017 میں انہوں نے زمین داری سے 13 کروڑ40 لاکھ 16 ہزار 650 روپے اور کاروبار سے 97 لاکھ 51 ہزار400 روپے حاصل کیے جبکہ 26 لاکھ 32 ہزار 490 روپےکا ٹیکس ادا کیا۔
آصف علی زرداری نواب شاہ کے حلقہ این اے 213 سے قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار ہیں۔