متعدد اہم سیاسی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد


اسلام آباد: امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے آخری دن آج کئی اہم رہنماؤں کے کاغذات منظور اور مسترد کر دیے گئے ہیں۔

پنجاب:

لاہور کے حلقہ این اے 124 اور این اے 132 سے حمزہ شہباز، این اے 125 اور 127 سے مریم نواز، این اے 128 سے شیخ روحیل اصغر، این اے 129 سے عبدالعلیم خان، این اے 130 سے شفقت محمود اور لیاقت بلوچ، این اے 131 سے عمران خان، این اے 132 سے شہبازشریف اور حلقہ 133 سے ایاز صادق کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔

پنجاب کے دیگر علاقوں سے بھی اہم سیاسی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جن میں رحیم یار خان کے حلقہ این اے 175 سے سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی، این اے 63 ٹیکسلا سے چوہدری نثار، این اے 73 سیالکوٹ سے خواجہ آصف، این اے 78  نارووال سے احسن اقبال، این اے 155 ملتان سے جاوید ہاشمی اور این اے 106 فیصل آباد سے رانا ثنا اللہ شامل ہیں۔

اسی طرح این اے 192 سے شہبازشریف، این اے 182 اور 183 سے سابق وزیرخارجہ حناربانی کھر، این اے 115 سے پی ٹی آئی کی امیدوار غلام بی بی بھروانہ اور این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف اور پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو گئے ہیں۔

ضلع مظفرگڑھ سے جمشید دستی نے قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو منظور ہو گئے ہیں، وہ حلقہ این اے 181، این اے 182، این اے 183، این اے 184 اور این اے 185 سے امیدوار ہیں۔

اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 54 سے پاکستان تحریک انصاف کے اسد عمر، نون لیگ کے انجم عقیل اور جماعت اسلامی کے میاں اسلم کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا:

ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ این اے 38 سے مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں جبکہ حلقہ این اے 3 سوات سے شہباز شریف،  حلقہ این اے 23 چارسدہ سے آفتاب شیرپاؤ، حلقہ این اے چار سے پاکستان تحریک انصاف کے مراد سعید کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔

بلوچستان:

این اے 260 سے پی ٹی آئی کے امیدوارسردار زادہ میرسردارخان رند، این اے 263 قلعہ عبداللہ سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، این اے 258 مسلم لیگ ن کے سردار یعقوب ناصر، جبکہ  این اے 265 کوئٹہ سے سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔

سندھ:

این اے 243 کراچی سے عمران خان، این اے 246 کراچی سے بلاول بھٹو اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان، این اے213  نوابشاہ سے آصف علی زرداری، این اے 247 سے عارف علوی، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، نسرین جلیل، محمد حسین محنتی اور جبران ناصر، این اے 249 سے شہبازشریف اور فیصل واوڈا، این اے 250  سے شہبازشریف، این اے 255 سے رہنما ایم کیو ایم کامران ٹیسوری، این اے 213 نوابشاہ سے سابق  صوبائی  وزیرداخلہ رؤف صدیقی اور بدین کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 74 سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔

کاغذات نامزدگی مسترد:

جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں ان میں این اے 53 سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی، این اے 115 کے امیدوار اہلسنت و الجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی اور سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم، سبی کے حلقہ این اے 260 سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدرسردار یار محمد رند، این اے 79  سے ن لیگ کے  رہنما افتخار چیمہ شامل ہیں۔

این اے 115 سے سیدہ عابدہ حسین، شیخ یعقوب اورمعاویہ اعظم نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔

جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں وہ اس کے خلاف 22 جون تک اپیل کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں