خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد61 ہو گئی

خیبرپختونخوا اور بلوچستان rain

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، دونوں صوبوں میں مختلف حادثات میں 61افراد جاں بحق ہوئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے طوفانی بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں اب تک 46 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 60 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں 25 بچے، 12 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں۔

پنجاب میں 23 اپریل سے موسلادھار بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہو گا

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہیں جبکہ مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 436 گھروں کو مکمل،2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔چترال، دیر، باجوڑ، سوات، باجوڈ سمیت دیگر علاقوں میں 309 مویشی ہلاک اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 110 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق بارشوں کے باعث آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف واقعات میں 15افراد جاں بحق ہو گئے۔

متحدہ عرب امارات میں بارش کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر 4 ہو گئی

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے ہلاکتیں سوراب، پشین، چمن، ڈیرہ بگٹی، لورالائی اور کیچ میں ہوئیں، طوفانی بارشوں سے صوبے میں 220مکانات کو نقصان پہنچا، 160 مکانات کو جزوی نقصان اور 60 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 12 شاہراہوں اور2 پلوں کو نقصان پہنچا، صوبے کے متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔


متعلقہ خبریں