واشنگٹن: امریکی خفیہ اداروں نے ایران کی جانب سے کسی بھی وقت اسرائیل پر حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی خفیہ اداروں نے کہا ہے کہ ایران شام میں اپنے سفارتخانے پر حملے کا جواب دینے کو تیار ہے اور وہ کسی بھی وقت اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس کے مطابق ایران کی طرف سے اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملے اور کروز میزائل فائر ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملہ رمضان ختم ہونے سے پہلے ہو سکتا ہے جس میں اسرائیلی سفارتی مرکز کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ نے مدرسوں پر پابندی کا حکم معطل کر دیا
دوسری جانب ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنا اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو ایک طرف ہٹ جانا چاہیئے تاکہ اسے نقصان نہ اٹھانا پڑے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مسلح افواج کو مکمل تیاری کا حکم دے دیا ہے۔