چیف سلیکٹر کے بغیر 7 ارکان پر مشتمل نئی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا اعلان

سلیکشن کمیٹی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے 7 ارکان پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، وہاب ریاض، محمد یوسف، اسد شفیق اور عبدالرزاق کمیٹی میں شامل ہونگے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کپتان اور کوچ بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ سلیکشن کمیٹی میں 2 کوآرڈینیٹر اور ڈیٹا اینالسٹ بھی شامل ہونگے۔

سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان انتقال کر گئے

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی میں شامل ساتوں ممبرز کے اختیارات ایک جیسے ہی ہونگے، اب سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا۔ ایسے اقدامات کریں گے جن کا اثر 5 سال بعد نظر آئے گا، پی سی بی کاخزانہ کرکٹ اور کھلاڑیوں پر لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک کوچ سے بات چیت چل رہی تھی چند روز میں کوچ کا فیصلہ ہوجائے گا، معاملات حتمی مراحل میں ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی کوچز کا امتزاج ہوگا، کپتان اور کوچز کافیصلہ بھی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ حارث رؤف کا سنٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا ہے جبکہ عماد وسیم کے ساتھ ون پوائنٹ ایجنڈا پوائنٹ پر بات ہوئی ہے۔  پالیسی سب کیلئے یکساں ہوگی، کوئی سفارش قبول نہیں۔ کپتان شاہین ہی رہے گا یا بدلے گا کیمپ کے بعد فیصلہ ہوگا۔

قومی اسکواڈ کے انتخاب میں میری سفارش بھی نہ مانی جائے، چیئرمین پی سی بی

انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے انتظامات دیکھنے آئی سی سی کی ٹیم آج پاکستان پہنچ رہی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اس کے لیے انتظامات کررہے ہیں، اچھے برے کام کا کریڈٹ سلیکشن کمیٹی کو جائے گا۔

خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے سابقہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا تھا۔ پچھلی کمیٹی میں سابق کرکٹر وہاب ریاض بطور چیف سلیکٹر کام کررہے تھے۔ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر شامل تھے۔

علاوہ ازیں سابق کرکٹر کامران اکمل، راؤ افتخار انجم بطور کنسلٹنٹ سیلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے۔


متعلقہ خبریں