16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
اجلاس صبح 10 بجے شروع ہونا تھا لیکن ایک گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسولﷺ سے ہوا۔ جس کے بعد اسپیکر اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ لوٹے لوٹے کے نعرے بھی لگے۔
مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، آصف زرداری نے بھی حلف اٹھا لیا۔
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بابر سلیم سواتی خیبرپختونخوا کے اسپیکر منتخب
نوازشریف نے آصف زرداری سے ان کی نشست پرجا کر ہاتھ ملایا۔ مولانا فضل الرحمان ، سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب ،بیرسٹرگوہر،علی محمد خان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے۔
قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ مکمل ہو جانے کے بعد دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے، جس کے بعد یکم مارچ کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔
ایاز صادق نے اسپیکر اور پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایوان کے اندر ہی کاغذات نامزدگی وصول کیے۔
اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ملک عامر ڈوگر جبکہ جنید اکبر خان ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ہو گا۔
عبدالخالق اچکزئی بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلے مرحلے میں قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔
16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا، نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد کارروائی کو ملتوی کر دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی الرٹ رہی اور غیر متعلقہ افراد کا پارلیمنٹ کے اطراف اور شاہراہ دستور پر داخلہ بند کر دیا گیا۔
پارلیمنٹ کے داخلی راستوں پر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات ہے پارلیمنٹ کی حدود میں صرف مخصوص کارڈز، اسٹیکرز والی گاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔