اداروں کا منفی کردار پاکستان کی بدنامی کا باعث بنا، طارق سلیم


اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سمیت دیگر قومی اداروں کا انتخابات میں منفی کردار عالمی سطح پر پاکستانی کی بدنامی کا باعث بنا۔

امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم نے ملک بھر میں انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت دیگر قومی ادارے انتخابات کے دوران اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں نہ صرف ناکام ہوئے بلکہ ان کا منفی کردارعالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بنا۔

انہوں ںے کہا کہ فارم 45 دینا پریذائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داری تھی لیکن پنجاب سمیت پاکستان بھر میں جماعت اسلامی کے اکثر قومی وصوبائی اسمبلی امیدواران کو الیکشن کے8 دن بعد بھی فارم 45 نہیں مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ سعد رفیق کا پی ٹی آئی آزاد اراکین کو حکومت بنانے کا مشورہ

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کے تقاضے پر متعدد مقامات پر انہیں پولنگ اسٹیشنوں سے باہر نکال دیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل کے انتخابات میں بھی دھاندلی ہوتی رہی لیکن الیکشن 2024 اس لحاظ سے انتہائی منفرد ہے کہ کامیاب کروائی گئی تین غاصب کنگ پارٹیوں کے امیدواران کو اب تک اپنی کامیابی کا یقین نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن 2013 میں ایک پارٹی کے احتجاج کی وجہ سے حکومت کو شدید مشکلات تھیں اور اب تو ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے علاوہ تمام قومی و صوبائی اور علاقائی سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور عدالتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں اور عوام نے جن جماعتوں کو مینڈیٹ دیا ہے اس کے مطابق فوری نتیجہ تیار کیا جائے تاکہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا خاتمہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی اور امن وامان کی بدترین صورتحال میں پاکستان کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔


متعلقہ خبریں