8 فروری کو مسلم لیگ ن کو ایسا جواب دیں گے کہ یہ یاد کریں گے، بلاول بھٹو


جیکب آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو مسلم لیگ ن کو ایسا جواب دیں گے کہ یہ یاد کریں گے۔ ن لیگ نگران حکومت کو استعمال کر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت پاکستانی عوام کے بڑے مسئلے ہیں تاہم 10 نکاتی ایجنڈے سے ہم مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے مقابلہ کر سکتے ہیں۔ حکومت کے بعد تنخواہ کو ڈبل کر دیں گے اور حکومت بنی تو عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

انہوں نےکہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور لے کر ملک بھر میں جا رہا ہوں۔ ماضی میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا اور اب کسان کارڈ شروع کریں گے جبکہ کسان، مزدور اور نوجوانوں کو کارڈ کے ذریعے مالی مدد فراہم کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے اور اقتدار میں آ کر ہر ضلع میں یونیورسٹی کھولی جائے گی۔ عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی کے علاوہ مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسائل سامنے رکھتے ہوئے منصوبے مکمل کریں گے اور وفاق کی 17 وزارتیں ختم کر کے اس کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔ حکومت کی جانب سے اشرافیہ کو ملنے والی سبسڈی بھی ختم کر دی جائے گی اور یہ سبسڈی کسان کی جیب میں ڈالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے اعداد و شمار جاری

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ امید ہے ہم پورے سندھ میں کلین سویپ کریں گے اور عجیب محسوص ہوتا تھا جب ہمارے اتحادی کہتے تھے 2013 میں لوڈشیڈنگ ختم کی، جیکب آباد میں تو نہ 2013 میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی نہ آج ختم ہوئی۔ بجلی کا اتنا مہنگا بل آتا ہے کہ کوئی برداشت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی بنانے والے اداروں سے ہمارا اعتماد اٹھ چکا ہے اور ہم بجلی فراہم کرنے کے لیے سولر اور ونڈ کے ذرائع کو استعمال کرائیں گے۔ کوشش ہو گی کہ گرین انرجی پارک بنائیں اور غریب عوام کو 300 یونٹ بجلی سولر انرجی کے تحت دی جائے گی۔

جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو پتہ ہے کہ ان کو کوئی چانس نہیں ملنا کیونکہ عوام نے جماعت اسلامی کو ایک آمر کا ساتھ دینے کی سزا دی ہوئی ہے۔ کوئی ہمیں مذہب، لسانی اور کوئی فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے لیکن ہم بلا تفریق آپ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف ایسا تاثر دے رہے ہیں کہ وہ آج سے ہمارے وزیر اعظم ہیں۔ نواز شریف نے راجہ ریاض کے ساتھ مل کر نگران حکومت بنائی اور آج راجہ ریاض ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نگران حکومت کو استعمال کر رہی ہے تاہم 8 فروری کو ان کو ایسا جواب ملنے والا ہے کہ یہ غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔ بےنظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق صاف اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں اور میں بھی شہید بےنظیر بھٹو کے مشن کو آگے لے کر جاؤں گا۔


متعلقہ خبریں