قمر جاوید باجوہ نے خاموش نہ ہونے پر مقدمات بنانے کا کہا تھا، عمران خان کا الزام

عمران خان

اسلام آباد: سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا خاموش نہ ہوئے تو مقدمات بنائے جائیں گے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں 342 کا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ایما پر میرے اے ڈی سی نے سائفر چوری کیا۔ سائفر وزیر اعظم آفس میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا خاموش نہ ہوئے تو مقدمات بنائے جائیں گے۔ ساڑھے 3 سال میں سائفر واحد ڈاکیو منٹ ہے جو غائب ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت گرانے کے لیے سازش اکتوبر 2021 میں شروع ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی آزاد امیدواروں کو دیکھ رہی ہے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے، خواجہ آصف

فیصلہ سنانے کے وقت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھے اور اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 342 کا بیان کمرہ عدالت میں ریکارڈ کرنے کے لیے سوالنامہ دیا گیا تھا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں سزا چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔


متعلقہ خبریں