پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گورننگ بورڈ کا اجلاس 6 فروری کو طلب، نئے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب ہوگا۔
قائم مقام چیئرمین اور الیکشن کمشنر شاہ خاور کی جانب سے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ دس رکنی گورننگ بورڈ کا اجلاس 6 فروری کو دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اس اہم اجلاس کا نوٹس پی سی بی کے آئین 2014 کی دفعات کے مطابق جاری کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کرکٹ بورڈ کے تمام اراکین کی شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔
شاہ خاور نے قائم مقام چیئرمین پی سی بی کا چارج سنبھال لیا
خیال رہے کہ نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے وزیراعظم کی طرف سے نامزد کردہ مصطفیٰ رمدے اور وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی امیدوار ہیں۔
دس رکنی گورننگ بورڈ میں بہاولپور ریجن کے صدر طارق سرور، ڈیرہ مراد جمالی کے صدر ظفراللہ جدگال، آزاد جموں و کشمیر ریجن کے صدر سجاد علی کھوکھر اور لاڑکانہ ریجن کے صدر تنویر احمد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، پی ٹی وی اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے بھی بورڈ کا حصہ بنے ہیں۔