گورنر سندھ کا 75 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو عمرے اور حج پر بھیجنے کا اعلان

گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے 75 سال کے ایسے افراد کو جنہوں نے کبھی عمرہ اور حج نہیں کیا ہے اپنی ذاتی جیب سے حجاز مقدس بھیجنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ وہ ان مقامات مقدسہ پر حاضری دے سکیں۔

گورنر سندھ نے یہ اعلان سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اسپتال آمدپر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عتیق الرحمان قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

گورنر سندھ نے مریضوں اور تیمارداروں سے اسپتال میں موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے یہ عہد کرلیا ہے کہ اپنی ٹیم کے ساتھ میڈیا کو شامل کرکے سرکاری اسکولوں اور پارکوں کا بھی دورہ کروں گا۔

گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اورآزاد کشمیر میں برفباری کا امکان، مری میں برفباری کا آغاز

ان کا کہنا تھا کہ پچانوے ارب ہر سال صحت کے شعبے کو دیئے جاتے ہیں لیکن اس کے اثرات کہیں بھی نہیں ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جناح،سول اور عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی کی طرح یہاں بھی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ اسپتالوں کے دورے کا مقصد مریضوں کے مسائل سے ذاتی طور پر آگاہ ہونا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں بھی عام افراد کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ کسی اچھے اسپتال میں علاج کروا سکیں کیونکہ ملک بھر میں 2016 سے صحت سہولت کارڈ کے ذریعے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جس میں ابھی تک یہ سہولت مہیا نہیں کی گئی، کیا وجہ ہے کہ سندھ کے لوگ اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا پارہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ علاقے کے بزرگ افراد سے کہتا ہوں کمیٹی بنائیں،اپنے علاقے کی شکایت لے کر میرے پاس آئیں، راشن کی ضرورت ہو تو 1366 پر رابطہ کریں گورنر ہاوس سے آپ کو راشن بھجواؤں گا۔

کوئی اپنے بچوں کی اسکول کی فیس نہیں دے سکتا تو میں وعدہ کرتا ہوں میں خود تمام خرچہ اپنے ذمہ لے لوں گا، آپ تمام بزرگوں سے درخواست کرتا ہوں،آپ گورنر ہاوس آئیں میرے ساتھ چائے پیئں اور مشاورت کریں، ہم مل کر ملک اور شہر کے حالات بہتر کریں گے۔


متعلقہ خبریں