غزہ کی صورتحال، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ آبدیدہ ہو گئے


جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس نے گورننگ باڈی سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 25 ہزار افراد سے زائد اموات ہو چکی ہیں جن میں نصف سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ غزہ میں خوراک کی قلت پیدا ہو گئی ہے جس نے غزہ کو جہنم بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل غزہ میں نسل کشی روکے،عالمی عدالت انصاف کا حکم

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ میں خود جنگ کے تلخ تجربے سے گزر چکا ہوں جبکہ جنگ سے کسی مسئلے کا حل نہیں نکلتا بلکہ مزید نفرت، اذیت اور تباہی ہوتی ہے۔

انہوں نے اسرائیل فلسطین تنازع کے حقیقی حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیں امن کا انتخاب کریں اور اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل کریں۔ سب نے دو ریاستی حل کا کا مطالبہ کیا ہے اور امید ہے کہ اس سے جنگ ختم ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ٹیڈروز کا بچپن جنگ میں گزرا ہے اور ان کے بچے 1998-2000 میں ایتھوپیا کی اریٹیریا کے ساتھ جنگ کے دوران ایک بنکر میں چھپنے پر مجبور ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں