نواز شریف اور مریم نواز کل لندن روانہ ہوں گے


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کل لندن روانہ ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے قطرایئرلائن کی پرواز کیو آر 629 سے براستہ دوحا لندن پہنچیں گے  جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے، ان کی واپسی عیدالفطر کے بعد ہو گی، سلمان شہباز بھی پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 سے فیملی کے ہمراہ لندن جا رہے ہیں۔

10 جون کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کے بچوں کے خلاف احتساب عدالت میں زیرسماعت ریفرنسز کو مکمل کرنے کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی تھی اور نوازشریف اورمریم نواز کو بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے وکیل سے کہا تھا کہ آپ تشہیر کے لیے کہتے ہیں کہ عیادت کے لیے اجازت نہیں دی گئی۔

11 جون کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا کہ نوازشریف، مریم نواز اور دیگر ملزمان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے تاہم اس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ذرائع کے مطابق آج  بدھ  کو بھی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں شریف فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ ایجنڈے پر نہیں تھا، اب اسے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں ایجنڈے پر رکھا جائے گا۔

 

 


متعلقہ خبریں