اظہار رائے پہچانا جاتا تو ملک ٹوٹتا نہ لیڈر پھانسی لگتے ، جسٹس اطہر من اللہ

جسٹس اطہر من اللہ

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی تاریخ سے سیکھنا ہوگا، اظہار رائے پہچانا جاتا تو ملک دولخت نہ ہوتا، نہ لیڈر پھانسی لگتے۔

سپریم کورٹ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آدھی تاریخ ڈکٹیٹر شپ میں گزری، ڈکٹیٹر شپ میں آزادی اظہار رائے ممکن ہی نہیں،اظہار رائے کے لیے صحافیوں کا کلیدی کردار رہا، کورٹ رپورٹرز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ 1971 میں میڈیا آزاد ہوتا تو ملک نہ ٹوٹتا۔

انتخابات میں 90 دن سے تاخیر آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے: جسٹس اطہر من اللہ

انہوں نے کہا کہ بحیثیت جج ہم اپنی کوئی چیز چھپا نہیں سکتے، جج کو آزاد ہونا چاہیے، جج پر جتنی تنقید ہو وہ اثر نہ لے، کوئی جج تنقید کا اثر لے گا تو وہ حلف کی خلاف ورزی کرے گا، عدلیہ کو گھبرانا نہیں چاہیے، نہ خائف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا اثر ججز پر نہیں ہونا چاہیے، بحیثیت جج ہم پبلک پراپرٹی ہیں، وقت کے ساتھ سچائی خود سامنے آتی ہے، ہمیں اپنے آپ سے سوال پوچھنا چاہیے کہ کہاں جا رہے ہیں، ہم مرضی کے فیصلے، مرضی کی گفتگو چاہتے ہیں۔

سپریم کورٹ کو معاشی مسائل میں مت الجھائیں، جسٹس اطہر من اللہ

انہوں نے مزید کہا کہ اظہار رائے بہت بڑی چیز ہے، اسے دبانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، ریاستیں اظہار رائے کو قابو نہیں کرسکتیں، 1971 میں مغربی پاکستان کے لوگوں کو مختلف تصویر دکھائی گئی، 75 سال تک سب کو پتہ تھا سچ کیا ہے لیکن اسے دبایا گیا، ہم سچ کو دباتے دباتے کہاں پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر تنقید دو قسم کی ہوتی ہے، ایک وہ تنقید کہ جب الزام لگایا جاتا ہے کہ کوئی دانستہ فیصلے ہو رہےہیں، ایک وہ تنقید ہے جسے میں پسند نہیں کرتا کہ ریلیف کیوں ملا، تنقید ہر کوئی کرے لیکن عدلیہ پر اعتماد بھی کرے۔

 


متعلقہ خبریں