پاک نیوزی لینڈ سیریز: قومی ٹیم کو لگاتار چھٹے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شکست

پاک نیوزی لینڈ سیریز: قومی ٹیم کو لگاتار چھٹے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شکست

پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف چوتھے میچ میں شکست کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں لگاتار 6 میچز ہارنے کا اپنا ہی ریکارڈ برابر کردیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ آج کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیمیں ہیگلے پارک اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں، کیویز نے چوتھا میچ جیت کر 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-4 سے فیصلہ کُن برتری حاصل کرلی۔

میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے کیویز کو 159 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ قومی ٹیم کی طرف سے محمد رضوان 90 رنز بنا کر ہائی اسکورر رہے۔

آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں بھی پاکستان کو بدترین شکست

جواب میں کیوی ٹاپ آرڈر زیادہ رنز بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ٹم سیفرٹ صفر اور ول ینگ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 16 چھکا لگا کر سنچری جڑنے والے فن ایلین 8 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر نے اچھی شراکت داری قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی طرف گامزن کیا۔ ڈیری مچل 72 جبکہ گلین فلپس 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی مسلسل چھٹی شکست تھی جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نے لگاتار ٹی ٹوئنٹی میچز ہارنے کا اپنا ہی ریکارڈ برابر کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں