مسلم لیگ ن کے رہنما رانا محمود الحسن پیپلز پارٹی میں شامل


ملتان: مسلم لیگ ن کے سابق رہنما سینیٹر رانا محمود الحسن پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کے سابق رہنما سینیٹر رانا محمود الحسن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

گیلانی ہاؤس کے مطابق سینیٹر رانا محمود الحسن قومی اسمبلی کی نشست این اے 150 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج رانا محمود الحسن کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کریں گے۔

رانا محمود الحسن نے مسلم لیگ ن کے ساتھ طویل وابستگی کے قومی اسمبلی کے 3 الیکشن لڑے۔ وہ 2002 اور 2008 کے الیکشن میں 2 مرتبہ رکن قومی اسمبلی بنے تاہم تیسری مرتبہ وہ 2013 میں شاہ محمود قریشی کے مقابلہ مین الیکشن ہار گئے تھے۔

ملتان میں 2015 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں رانا محمود الحسن صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے تھے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا ہے کہ میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور حلقے میں وننگ امیدوار ہوں۔ میرے ساتھ بہت بڑی زیادتی کی گئی ہے اور میرے خلاف ن لیگ نے جسے ٹکٹ دیا وہ پیپلز پارٹی کا امیدوار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا حتمی فیصلہ ہے کہ میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ایسے شخص کو ٹکٹ دیا گیا ہے جو جیتنے کے قابل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد مارے گئے

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نے اپنے بیٹے کو ضلعی کونسل بنانے کے لیے مجھ سے ووٹ مانگے تھے۔ انہوں نے پارٹی کو مجبور کر کے یہ فیصلہ کروایا ہے اور انہوں نے پارٹی کو دھمکی دی کہ میں پارٹی چھوڑ دوں گا لیکن این اے 76 نہیں چھوڑوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مہنگائی کا بیانیہ ہی نہیں بنا سکے اور عوام کو نہیں بتا سکے۔ ٹکٹیں تو دے دی گئی ہیں مگر مہنگائی کے بارے میں بتائیں کب کم ہو گی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عوام کو بتایا جاتا کہ کیسے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مہنگائی کی ذمہ دار تھی جبکہ میری شہباز شریف سے ایک نہیں متعدد میٹنگز ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں