دانیال عزیز نظر انداز، آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے عام انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم میں دانیال عزیز کو نظر انداز کر دیا گیا۔ جس کے بعد دانیال عزیز نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ ن نے نارروال کے حلقے سے دانیال عزیز جبکہ گجرات سے چوہدری جعفر اقبال کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

ن لیگی رہنما دانیال عزیز نے نظر انداز کیے جانے پر آزاد حیثیت سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کے خلاف انتخاب لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اسپتال میں تھا تو ٹکٹ کے لیے اپلائی نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ایسے شخص کو ٹکٹ دیا جس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں اور ن لیگ میں پاور پالیکٹکس ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 8 فروری کو نئی سیاست کا آغاز کریں گے، بلاول بھٹو

دانیال عزیز نے کہا کہ میں بالکل الیکشن لڑوں گا جبکہ مہنگائی پر بات کرنے پر مجھے ن لیگ نے ٹکٹ نہیں دیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے پنجاب بھر میں پارٹی ٹکٹ فائنل کر دیئے جس کا نوٹیفکیشن چیئرمین مرکزی سیل ن لیگ اسحاق ڈار نے جاری کیا۔ ن لیگ نے راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 6 حلقوں کے لیے ٹکٹ ہولڈرز کا اعلان کیا جبکہ راولپنڈی ڈویژن سے صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں کے امیدواران کا اعلان کیا گیا۔

این اے 104 سے راجہ ریاض کو بھی ن لیگ کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں