سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں میں پونے دو ارب روپے کی کمی

کامیابی چیلنج

اسلام آباد(زاہد گشکوری، ہیڈ ہم انویسٹی گیشن ٹیم)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے اثاثوں میں پونے دو ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ گزشتہ تین سالوں کے دوران انہوں نے 8ہزار 20روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے، قائد مسلم لیگ (ن) نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات این اے 130 لاہور میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں دی ہیں۔

ہم انویسٹگیشن ٹیم نے نواز شریف کی اثاثوں کی مکمل تفصیلات حاصل کر لی ہے جس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں میں مجموعی طور پر ایک ارب 76 کروڑ کی کمی ائی ہے۔

مالی سال 2016 میں میاں نواز شریف کے اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 83 کروڑ نو لاکھ روپے تھی۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے 2017 میں الیکشن کمیشن کے ساتھ جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات میں بتایا تھا کہ وہ ایک ارب روپے کی مالیت کی تقریبا 1615 کنال زمین کے مالک ہیں۔

مالی سال 2023 میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے جو تفصیلات اپنے کاغذات نامزدگی میں دکھائی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انکے اثاثوں کی مالیت صرف ساڑھے سات کروڑ سے تھوڑی سی زائد ہے۔

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ موجودہ مالی سال کے ڈیکلیریشن میں سابق وزیراعظم کی ایک ارب روپے مالیت کی 940 کنال زمین اثاثوں کا حصہ نہیں ہے۔

اسکے علاوہ انہوں نے رواں مالی سال کے اثاثوں میں بیٹے حسین نواز شریف سے بیرون ملک سے ائی 23 کروڑ بیس لاکھ روپے کے گفٹس بھی شامل نہیں ہیں، اسکے علاوہ نوازشریف کے اثاثوں میں مرحوم بیگم کلثوم نواز کے بیس کروڑ سے زائد کی جائدادیں اور انکے دو گھر بھی شامل نہیں ہیں۔

ایف بی آر حکام نے اپنے ایک خط میں لکھا ہے کہ نواز شریف نے 2021 سے 2023 تک تین سالوں میں مجموعی طور پر8ہزار 20روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے ۔

کاغذات نامزدگی میں انکشاف ہوا ہے کہ ایف بی آر کے نمائندے نے دی گئی سرٹیفیکیٹ میں بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سال 2021 میں 4664 روپے ٹیکس ادا کیا،سال 2022 میں 1062 روپے ٹیکس دیا جبکہ سال 2023 میں نواز شریف نے سال 2023 میں 2314 روپے ٹیکس ادا کیا۔

کاغذات نامزدگی میں مزید انکشاف ہوتا ہے کہ نواز شریف نےاپنے دور حکومت میں 82 لاکھ اپنے بیرون ملک دوروں پر خرچ کیے ہیں، سابق وزیراعظم نے یورپ، سعودی عرب اور برطانیہ کے دورے کیے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے یہ تفصیلات اپنے کاغذات نامزدگی کیساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں ہیں ۔

 

 

اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں الیکشن کمیشن کو یہ بتایا ہے کہ ان کا سال 2021 میں بینک پرافٹ پر 23956 روپے ٹیکس کٹا ہے۔

سال 2022 میں بینک پرافٹ پر 2125 روپے ٹیکس کٹا جبکہ سال 2023 میں بینک پرافٹ پر 82549 روپے ٹیکس کٹا ہے۔

نواز شریف نے یہ بھی بتایا ہے کہ انہوں نے سال 2021 میں زراعت پر 136283روپے ٹیکس دیا، سال 2022 میں زراعت پر 229313 روپے ٹیکس دیا جبکہ سال 2023 میں زراعت پر 355526روپے ٹیکس ادا کیا ہے ۔


متعلقہ خبریں