نئے سال کا پہلا ہفتہ، مہنگائی کی شرح میں اضافہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ ادارہ شماریات نے نئے سال کے پہلے ہفتے کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

محکمہ ادارہ شماریات کے مطابق سال کے پہلے ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.81 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح 42.86 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 21 روپے تک کا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹر کی فی کلو قیمت مارکیٹ میں 124 روپے سے بڑھ گئی۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 410 روپے تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق سردی میں اضافے کے باعث ایک ہفتے میں انڈوں کی فی درجن قیمت میں 12 روپے سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ایک درجن انڈوں کی قیمت 400 روپے تک پہنچ گئی۔

ایک ہفتے میں پیاز 6 روپے فی کلو تک مہنگا ہوا اور چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے میں دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 5 روپے تک کا اضافہ ہوا۔

جہاں ایک ہفتے میں چاول، دال مسور، گڑ، جلانے کی لکڑی، مٹن اور بیف بھی مہنگا ہوا وہیں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی 39 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں