نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے کل صوبے بھر کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا۔ اسموگ کی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کل بروز ہفتہ اسکول، کالجز بند رکھنے کا اعلان کیا۔
پنجاب میں اسموگ کا راج، حکومت کی سافٹ اسموگ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز
محسن نقوی نے اس حوالے سے بتایا کہ مارکیٹیں، بازار اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹس اور دیگر بزنس ہاؤسز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دورانِ اجلاس سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا۔
تمام اقدامات بے سود، لاہور کی فضائی آلودگی میں بدستور اضافہ
انہوں نے مزید کہا کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ اسموگ میں کمی کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھارہے ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔