وفاقی حکومت کا صوبائی نوعیت کے 357 ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ بند کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(شہزاد پراچہ)نگران وفاقی حکومت کا ملکی ترقیاتی پروگرم کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وفاقی بجٹ میں صوباٸی نوعیت کے 357 ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ بند کرنے پر ورکنگ مکمل کر کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری وفاقی اور صوبائی وزرا خزانہ نے حال ہی میں وفاقی پی ایس ڈی پی سے صوبائی نوعیت کے منصوبوں کو متعلقہ صوبوں کو منتقل کرنے کے امکانات تلاش کرنے کے حوالے سے اجلاس کیا۔

اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو 357 صوبائی نوعیت کے منصوبوں کے لیے 1373 ارب روپے کے فنڈز فراہم کر رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم حکومت نے وفاقی پی ایس ڈی پی 2023-24 میں بجٹ کے موقع پر صوبائی منصوبوں کے لیے 314 ارب روپے (33 فیصد) فنڈز مختص کیے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ نیشنل اکنامک کونسل (این ای سی) نے 2021 میں ایک پالیسی کی منظوری دی تھی جس کے مطابق وفاقی حکومت غیر معمولی حالات میں 50:50 کے اشتراک کی بنیاد پر صوبائی منصوبوں کی مالی معاونت کرے گی۔ تاہم سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت نے اپنے اتحادیوں کو خوش کرنے کے لیے این ای سی کی تمام ہدایات کی خلاف ورزی کی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم اور 7ویں این ایف سی ایورڈ نے صوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مزید خود مختار اور مالی طور پر مضبوط بنایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی وزرائے خزانہ کو آگاہ کیا ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث اہم قومی سٹریٹجک منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے منصوبوں کی لاگت میں مسلسل اضافے ہو رہا ہے ۔جبکہ دوسری طرف وفاقی حکومت وسائل کی کمی کے باوجود آزاد جموں و کشمیر، جی بی اور کے پی کے ضم شدہ اضلاع کو خاطر خواہ فنڈنگ بھی فراہم کر رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عبوری وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی 2023-24 سے زیرو پیش رفت کے حامل 137 نان سٹارٹر پراجیکٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے حس سے 116 ارب روپے کی بچت ہو سکے گی اس کے علاوہ، حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ SDGs اچیومنٹ پروگرام کے لیے مزید 29 ارب روپے کی رقم جاری نہیں کرے گی۔

مزید برآں تمام 49 پراجیکٹس جن کی مالیاتی پیش رفت زیرو سے بیس فیصد کے دومیان ہے ان کو متعلقہ صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پلانز کو منتقل کرنے یا ملتوی کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ اس سے 29 ارب روپے کی بچت بھی ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت ان 20 منصوبوں کو مالی سال کے دوران 80 فیصد پلس پیشرفت کے ساتھ دوبارہ مختص/ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی اور 20 سے 80 فیصد کے درمیان مالیاتی پیشرفت والے 150 منصوبوں کا صوبوں کے ذریعہ تنقیدی جائزلینے کے بعد وسائل کی دستیابی بشمول صوبائی شراکت سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں