حکمرانوں کے گریبان اور ہمارے ہاتھ ہوں گے، سراج الحق


چنیوٹ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم خاموش رہے تو ہمارا شمار اسرائیلیوں کا ساتھ دینے والوں میں ہو گا اور اگر حکمرانوں نے ساتھ نہ دیا تو ان کے گریبان اور ہمارے ہاتھ ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چنیوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہم نے ثابت کرنا ہے ہم حق کے ساتھ ہیں۔ غزہ کے لوگوں کے لیے کھانا، پانی، کفن اورادویات نہیں جبکہ غزہ میں ہزاروں بچے شہید ہو چکے اور سینکڑوں ملبے تلے دب گئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے اور ہمارے ملک میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، سمیت دیگر جماعتیں خاموش ہیں۔ کراچی، اسلام آباد، لاہور میں ہم نے ملین مارچ کیا لیکن کسی جماعت نے کوئی جلوس نہیں نکالا۔

سراج الحق نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری سمجھتے ہیں آج فلسطینیوں کا ساتھ دیا تو امریکہ ناراض ہو گا اور روسی صدر کہتا ہے غزہ کے بچوں کا حال دیکھ کر رونا آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اسرائیل کا ساتھ دے سکتا ہے تو ہم فلسطین کا کیوں ساتھ نہیں دے سکتے اور ہمارے سیاستدان کہتے ہیں ہم بسکٹ، ادوایات، پانی بھیج رہے ہیں۔ غزہ میں رہنے والے مسلمان انتظار میں ہیں کہ ٹیپو سلطان آجائے۔

یہ بھی پڑھیں: مراعات یافتہ طبقہ 25 فیصد ٹیکس دے ملک درست سمیت میں آجائے گا، خواجہ آصف

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم خاموش رہے تو ہمارا شمار اسرائیلیوں کا ساتھ دینے والوں میں ہو گا اور حکمرانوں نے ساتھ نہ دیا تو ان کے گریبان اور ہمارے ہاتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی حکومت ووٹ کے ذریعے منتخب ہو گی جبکہ پی ٹی سی ایل، پی آئی اے  اور اسٹیل ملز کو تباہ کرنے والے سب مافیا ہیں۔


متعلقہ خبریں