نام ای سی ایل میں شامل کرنا ہے تو کر دیں، نواز شریف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اس کا نام ای سی ایل میں ڈالا جارہاہے اور جس نے آئین توڑا اسے خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔

منگل کے روز احتساب عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر میرا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ہے تو کر دیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ریفرنسز جلد نمٹانے کے حکم کے بعد کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر فیئر ٹرائل ہے تو مجھے مرضی کا وکیل رکھنے کا حق حاصل ہے۔ یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا۔

نواز شریف کی جانب سے ای سی ایل کے متعلق تبصرہ اس وقت سامنے آیا ہے جب نیب نے ایک بار پھر وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے کہ نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، حسن اور حسین نواز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں کمرہ عدالت میں نواز شریف سے پوچھا گیا کہ آپ نے اپنی صفائی میں کوئی گواہ کیوں پیش نہیں کیا؟ جس پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم تو اپنی صفائی میں سب کچھ لائے ہیں، نیب تو اپنا الزام ہی ثابت نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ اثاثوں کا پوچھنے والے خدا کا خوف کریں، ہمارے خاندان کا قیام پاکستان سے قبل بڑا کاروبار ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میری 100 پیشیاں الیکشن کی تیاریاں ہیں، یہ سمجھنا بھول ہے کہ میں پیشیوں سے جھک جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی پیشیوں کی کیا ضرورت ہے فیصلہ ہی سنا دیں۔

عدالت نے نوازشریف کو وکیل مقرر کرنے کیلئے 19 جون تک کا وقت دیتے ہوئے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی۔

 


متعلقہ خبریں