امریکہ نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کی مخالفت کر دی


واشنگٹن: امریکہ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کی مخالفت کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے اسرائیل کی اس خواہش کی مخالف کر دی کہ غزہ کی پٹی سے فلسطینی شہریوں کو بےدخل کر کے وہاں پر قبضہ کیا جائے اور سیکیورٹی سنبھال لی جائے۔

امریکی دفتر خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ غزہ سے فلسطینیوں کا جبری انخلا نہیں چاہتا اور امریکی میز پر فلسطینیوں کو نئی جگہ پر آباد کرنے کا کوئی بھی منصوبہ موجود نہیں اس لیے اس معاملے پر اسرائیل کو امریکی حمایت حاصل نہیں رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ترک پارلیمنٹ نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ غزہ سے زیادہ تر امریکی اب رفاہ بارڈر کھولنے سے نکل آئیں گے۔ امریکہ اور اسرائیل کی دوستی اپنی جگہ لیکن جنگ بندی پر امریکہ کا اسرائیل کے مؤقف سے اتفاق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ رفاہ بارڈر کے ذریعے فلسطینی شہریوں کی بے دخلی نہیں چاہتے اور غزہ پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس کا غزہ میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ پٹی کی غیر معینہ مدت کے لیے سلامتی کی مجموعی ذمہ داری سنبھالے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس غزہ کی سیکیورٹی کی ذمہ داری نہیں ہے تو حماس نے بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا مظاہرہ کیا جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔


متعلقہ خبریں