عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گئی۔
امریکی خام تیل 80 ڈالر فی بیرل کے قریب تک گر گیا، خام تیل 55 سینٹس کمی سے 80.45 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے، جبکہ لندن برینٹ آئل 35 سینٹس کمی سے 84.70 ڈالر سے نیچے آ گیا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران کئی مرتبہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں کی گئی۔
یہ بھی واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل عالمی بینک نے اسرائیل اور حماس تنازع کے باعث خدشہ ظاہر کیا تھا کہ تیل پیدا کرنے والے مرکزی ممالک نے سپلائی کم کر دی تو 1970 کی دہائی والی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ یوکرین جنگ اور اب غزہ جنگ سے اجناس کی مارکیٹ کے لیے دوہرا جھٹکا ہو گا۔