چھکے مارنے کیلئے شاید ہمیں زیادہ پروٹین کھانے کی ضرورت ہے، امام الحق

چھکے مارنے کیلئے شاید ہمیں زیادہ پروٹین کھانے کی ضرورت ہے، امام الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ انہوں نے جب جب اچھی کارکردگی دکھائی، 90 فیصد میچز میں پاکستانی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی ہے، افغانستان کیخلاف میچ جیت کر ٹیم دوبارہ ٹریک پر آجائے گی۔

چنئی میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ چنئی کے دو میچ ہمارے لیے اہم ہیں۔ کرکٹ ٹیم گیم ہے، صرف بلے باز نہیں بلکہ گیند بازوں کا بھی کردار اہم ہے۔ پچھلے میچز میں ہمارا آغاز اچھا تھا پھر بعد میں لڑکھڑائے مگر ہمیں اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ صرف ہمارے باولرز کو ہی مار نہیں پڑ رہی، سب کے خلاف رنز بن رہے ہیں۔ شاہین آفریدی نے آسٹریلیا کیخلاف میچ میں اچھی باولنگ کی۔ ٹورنامنٹ کے دوران ہم صرف مثبت ہیں، منفی پہلو کا نہیں سوچ رہے۔

امام الحق ورلڈکپ کے بعد دلہا بننے کو تیار، نومبر سے تقریبات کا آغاز ہوگا

قومی کرکٹر نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم بڑی اننگز نہیں کھیل پا رہے اور ٹیم نے پچھلے دو میچ اچھے نہیں کھیلے۔  پلان پر عمل کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں، ٹیم منیجمنٹ پلیئرز کو اعتماد دے رہی ہے۔ جو تیاری کرنا تھی وہ کرچکے ہیں اب بس فائن ٹیون ہونا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ پاکستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر اب تک چھکے مارنے میں کیوں ناکام رہا ہے؟ جس پر امام الحق نے جواب دیا کہ ‘شاید ہمیں زیادہ کاربوہائیڈریٹس کی جگہ زیادہ پروٹین کھانے کی ضرورت ہے۔’

امام الحق نے کہا کہ’ شروع میں ہم محتاط اور مضبوط آغاز دیں تو 350 بھی ہوسکتا ہے۔ چوکے اور چھکے مارنے سے اہم ہے کہ ہم بطور ٹیم کیسا کھیل رہے ہیں۔ ہم نے تجزیہ کیا ہے کہ کیا غلطیاں ہوئیں، کل آپ کو بہتر ٹیم نظر آئے گی۔’


متعلقہ خبریں