ایسا لگا ورلڈکپ نہیں، بھارتی بورڈ کے ہوم ایونٹ کا میچ کھیل رہے، مکی آرتھر

—فائل فوٹو


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آج کا میچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ہوم ایونٹ لگا، پاکستان کے لیے نعرے کم ہی لگائے گئے۔

احمد آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مکی آرتھر نے کہا کہ یہ ایک بڑا میچ تھا،آج ہم نے اچھا نہیں کھیلا، 155 سے 191 پر آؤٹ ہوجانا مناسب نہیں۔ ہم اس وکٹ پر اچھا کرسکتے تھے، بھارت نے اچھی بولنگ کی، ہم جوابی پریشر ڈال سکتے تھے۔

مکی آرتھر نے مزید کہا کہ آج ہم ’پاکستان وے‘ کے مطابق نہیں کھیل سکے، 2017ء کی چیمپئنز ٹرافی میں ہم نے بھارت کو ہرایا تھا۔

اُن کاکہنا تھا کہ پلیئرز ہر میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، آج آف کلر تھے، ہم ہر میچ جیتنے کے لیے میدان میں اترتے ہیں۔

مکی آرتھر نے یہ بھی کہا کہ ماضی کے ریکارڈز صرف میڈیا پر چلتے ہیں، یہ لمبا ورلڈ کپ ہے، ہم 3 میں سے 2 میچ جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی پینک نہیں کریں گے، تحمل کے ساتھ اگلے میچ پر فوکس کریں گے، بھارت نے آج بتایا کہ ان وکٹوں پر کیسے بولنگ کرنی ہے۔

پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم نے ایک موقع پر اچھا کھیلا مگر اس کو لمبا نہ لے جاسکے، ہم 350 کا سوچ کر میدان میں آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹرز سے زیادہ دلیری کی امید ہے، ہم اس میچ کا تجزیہ کریں گے کہ کیا غلطی ہوئی، شاداب اور نواز کو اعتماد دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی اچھی ٹیم ہے اور ہم اس ٹیم کے ساتھ فائنل کھیلنے کےلیے پرامید ہیں۔


متعلقہ خبریں