حیدرآباد دکن کی فضائیں ‘جیتے گا پاکستان’ کے نعروں سے گونج اٹھیں، ویڈیو وائرل

حیدرآباد دکن کی فضائیں 'جیتے گا پاکستان' کے نعروں سے گونج اٹھیں، ویڈیو وائرل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کے پاکستان سری لنکا میچ میں اسٹیڈیم بغیر پاکستانی شائقین کے ‘جیتے گا پاکستان’ کے نعروں سے گونج اٹھا۔

بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا آٹھواں میچ گزشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ قومی ٹیم نے 48.2 اوورز میں ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف مکمل کرکے ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان نے ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا

پاک سری لنکا میچ کے دوران حیدرآباد کا راجیو گاندھی اسٹیڈیم تقریباً 70 فیصد شائقین کے ساتھ بھرا بھرا نظر آیا۔ اس دوران حیدرآباد دکن کے شہریوں نے قومی ٹیم کو پاکستانی شائقین کی کمی محسوس نہ ہونے دی اور مسلسل پاکستان کے حق میں نعرے لگتے رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کی دوسری اننگز میں ‘ڈی جے’ جیتے گا بھئی جیتے گا’ کی آواز لگاتا ہے۔ جواب میں شائقین ‘پاکستان جیتے گا’ کے نعرے کے ساتھ اسٹیڈیم میں سما باندھ دیتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سامنے آنے والی ویڈیوز کے مطابق یہ نعرے تقریباً ایک منٹ تک حیدرآباد اسٹیڈیم کی فضاوں میں گونجتے رہے۔ صرف یہی نہیں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی سنچری کے وقت بھی اسٹیڈیم میں ‘رضوان رضوان’ کے نعرے سنے جاسکتے ہیں۔

دوسری طرف کچھ بھارتی صارفین کی طرف سے حیدرآباد کے شہریوں کے اس عمل کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔ ایک صارف نے اس حوالے سے لکھا کہ ‘ایسے لوگوں کی بھارت میں کوئی جگہ نہیں۔’


متعلقہ خبریں