مغربی دنیا کو کینیڈا میں بھارتی اقدامات سے جھٹکا لگا، نگران وزیر اعظم


نیویارک: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دورہ نیویارک کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو دہائیوں سے بھارتی دہشتگردی کا شکار ہے اور آج ہندوستان پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کینیڈا میں بھارتی اقدامات سے مغربی دنیا کو جھٹکا لگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے اور بھارتی ریاستی منی پور میں مسیحی برادری کے ساتھ بُرا سلوک کیا جا رہا ہے۔ نیویارک دورے کے دوران مسئلہ کشمیر اور بھارت میں ہندوتوا پر بات ہوئی۔ ہم اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے بھارت کے مقابلے میں کینیڈا کی حمایت کا اعلان کر دیا

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان کی خودمختاری کا احترام کیا اور آئندہ بھی کریں گے لیکن افغانستان سے کالعدم تنظیمیں پاکستان پر دہشتگرانہ حملے کر رہی ہیں۔ ہمارا افغانستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ہمارے امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں اور امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ضروری ہے۔ پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ نگران حکومت عوامی مفاد کے تحت فیصلے کر رہی ہے اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں