شنگھائی:3 سال تک بغیر حاضری کے 16 کمپنیوں سے تنخواہ، خاتون گرفتار


شنگھائی: چین میں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جو 3 سال تک بغیر کسی حاضری کے 16 کمپنیوں سے تنخواہ وصول کر رہی تھیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے ریاستی مرکز شنگھائی میں گوان یو نامی خاتون کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا جن کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ 3 سال سے بیک وقت 16 کمپنیوں میں ملازم ہیں لیکن کسی بھی کمپنی میں ایک دن بھی حاضر نہیں ہوئیں جبکہ تمام کمپنیوں سے تنخواہ بھی وصول کر رہی تھیں۔

خاتون کے بارے میں انکشاف ہوا کہ انہوں نے 3 سال تک ان کمپنیوں میں سے کسی ایک میں ایک دن بھی کام نہیں کیا لیکن تنخواہوں کے چیک باقاعدگی کے ساتھ وصول ہو رہے تھے۔

پولیس نے خاتون کے شوہر کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں جنہوں نے اپنی اہلیہ کا ریکارڈ باقاعدگی سے مینٹین رکھا ہوا تھا کہ انہوں نے کس کمپنی میں کس تاریخ کو کس پوزیشن پر ملازمت اختیار کی۔ جس میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور ماہانہ تنخواہ کا ریکارڈ بھی شامل تھا۔

گرفتار خاتون گوان یو مسلسل نئے آجروں کی تلاش میں رہتیں اور جب نوکری کے لیے نئے انٹرویوز کے لیے جاتیں تو وہ فوٹو کھینچواتیں اور موجودہ آجروں کو اس ثبوت کے طور پر بھیجتیں کہ وہ کلائنٹس سے مل رہی ہے۔

سالوں تک اتنی کمائی کے بعد گوان یو نے شنگھائی میں ایک مہنگا اپارٹمنٹ بھی اپنے لیے خریدا۔


متعلقہ خبریں