مراکش، زلزلہ آنے سے پہلے فضاوں میں پُراسرار نیلی روشنی نمودار، ویڈیو وائرل


مراکش میں زلزلے سے قبل فضاوں میں پُراسرار نیلی روشنی نمودار ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کئی سوالات نے جنم لینا شروع کردیا، زلزلے سے متعلق مختلف افواہیں گردش کرنے لگیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ دنوں مراکش میں تباہ کن زلزلے سے کچھ لمحات پہلے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ یہ ویڈیو مراکش کے شہر اگادیر میں آئے زلزلے کی ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے ان خوفناک لمحات کو محفوظ کرلیا گیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلے سے پہلے آسمان پر ایک پُراسرار نیلی روشنی چمکتی ہے۔ جونہی روشنی نمودار ہوتی ہے زمین جھولنا شروع کردیتی ہے۔

زلزلے سے قبل آسمان پر نیلی روشنی نمودار ہونا حیرت انگیز ضرور ہے لیکن یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے پہلے بھی رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے تباہ کُن زلزلے سے پہلے بھی سرویلنس کیمروں نے اسی طرح کی روشنی ریکارڈ کی تھی۔

اس پُراسرا روشنی کے حوالے سے اس وقت مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن ناسا کے ایمز ریسرچ سینٹر سے وابستہ فلکیاتی طبیعیات دان فریڈمین فرائیڈ نے اس کی وضاحت کی ہے۔

انکے مطابق ان روشنیوں کے 65 واقعات کے گہرائی سے کیے گئے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ روشنیاں اس وقت پیدا ہوتی ہیں جب زمین کے نیچے موجود بیسالٹ اور گیبرو جیسی مخصوص قسم کی چٹانوں کے اندر برقی چارجز فعال ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مراکش میں آنے والے خوفناک زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔ ایک ہفتے بعد بھی ریسکیو اور بحالی کا عمل جاری ہے۔


متعلقہ خبریں