تمام جماعتیں چاہتی ہیں انتخابات وقت پر نہ ہوں، سراج الحق

فوٹو: فائل


لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تمام جماعتیں چاہتی ہیں انتخابات وقت پر نہ ہوں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں۔ پاکستان کی معیشت تباہ ہو گئی اور ملک میں غربت بہت زیادہ ہے جبکہ ملک میں رشوت اور سفارش کے بغیر نوکریاں نہیں ملتیں۔

انہوں نے کہا کہ یونان کے سمندر میں 300 بچے ڈوب گئے اس کا جواب دو۔ 5 کروڑ پاکستانی نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں اور 2 کروڑ لوگ گردوں کی بیماری کی وجہ سے مر جاتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکا دیا اور نواز شریف نے نعرہ لگایا قرض اتار ملک سنوارو، لوگوں نے پیسے دیئے، بیٹیوں نے زیورات تک دیئے لیکن کیا پاکستان ایشین ٹائیگر بنا ؟ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن انہوں نے نوکریاں دینے کے بجائے لنگر خانے چلا دئیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں نے ملک کو لوٹا اور بلاول نے مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالیں جبکہ مولانا فضل الرحمان نے بھی دھرنا دیا لیکن حکومت میں آنے کے بعد خاموش ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: 15 مہینوں میں ہونے والے فیصلوں کی ذمہ داری ہمیں قبول کرنی ہے، خرم دستگیر

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سستی بجلی بن سکتی ہے تو آپ باہر سے تیل منگوا کر مہنگی بجلی کیوں بنا رہے ہیں ؟ جنہوں نے یہ معاہدے کیے ہیں وہ ملک اور قوم کے غدار ہے۔ ایک غریب نے ایک پنکھا چلایا اور 4 بلب جلائے تو اس کا بل 67 ہزار روپے آیا۔ یہ بل نہیں موت کا پروانہ ہے اور ہم اس ظلم کو نہیں مانتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کے بلوں کو نہیں مانتے اور میں نے ان بجلی بلوں کے خلاف تحریک کا آغاز کیا۔ ان کا احتساب صرف عوام ہی کر سکتے ہیں اور یہ تمام جماعتیں چاہتی ہیں کہ انتخابات وقت پر نہ ہوں لیکن ہم عدالتوں میں لڑائی لڑیں گے اور سڑکوں پر بھی لڑیں گے۔


متعلقہ خبریں