میچ فکسنگ کے الزام میں سابق سری لنکن کرکٹر سچترا سینا نائیکے گرفتار


سری لنکا کے سابق آف اسپنر سچترا سینا نائیکے کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، سابق کرکٹر پر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں فکسنگ کرنے کا الزام ہے۔

اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ کرک ٹریکر کے مطابق سابق کرکٹر نے وزارت کھیل کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔کولمبو کے چیف مجسٹریٹ کی عدالت نے سنگین الزامات کی تحقیقات کے بعد اگست 2023 میں سینا نائیکے پر سفری پابندی عائد کی تھی۔

ویسٹ انڈیز کے بلے باز ڈیون تھامس میچ فکسنگ کے الزام میں معطل

سابق کرکٹر کی گرفتاری کا عمل اٹارنی جنرل کی جانب سے ان کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کے بعد سامنے آیا۔ سینا نائیکے پر 2020 کے ایل پی ایل کے میچز میں ہیرا پھیری کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔

رپورٹ کے مطابق 38 سالہ سینا نائیکے نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے اس الزام کو بے بنیاد اور اپنے خاندان کی ساکھ خراب کرنے کی جان بوجھ کر چلائی جانے والی مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

وسیم اکرم پر میچ فکسنگ کے الزامات

سینا نائیکے نے 2012 اور 2016 کے درمیان ایک ٹیسٹ میچ، 49 ون ڈے اور 24 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کی۔ وہ اپنی مہارت سے آف اسپن بولنگ اور لائن اور لینتھ پر غیر معمولی عبور رکھنے کے باعث مشہور تھے۔

سابق سری لنکن کرکٹر نے مجموعی طور پر انٹرنیشنل ون ڈے میچز میں 53 اور ٹی 20 میچز میں 25 وکٹیں حاصل کیں۔


متعلقہ خبریں