ایشیا کپ کیلئے ٹیم کا اعلان، بھارتی سورما 2 ستمبر کو شاہینوں سے ٹکرائیں گے


رواں ماہ پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے بھارتی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام شیئر کردیے گئے۔ بھارتی سورما 2 ستمبر کو پاکستانی شاہینوں کا مقابلہ کریں گے۔

ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، شبمن گل، شیریاس ائیر، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، اشن کشن، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج اور پراسید کرشنا کے نام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا، شردل ٹھاکر، کے ایل راہول، اکسر پٹیل اور کلدیپ یادیو بھی ایشیا کپ میں جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے پاکستان کے شہر ملتان سے ہوگا۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے جانے والا یہ ایونٹ دو مراحل میں پاکستان اور سری لنکا میں ہوگا۔ ایونٹ کا پہلا میچ ملتان میں ہوگا جس میں میزبان ٹیم پاکستان اور نیپال آپس میں ٹکرائیں گی۔


متعلقہ خبریں