الخدمت فاؤنڈیشن کا 10 ہزار رضاکار تیار کرنے کا اعلان


اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے رواں سال 10 ہزار رضا کاروں کو تیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں منعقدہ 3 روزہ ایکسپو میں قائم الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے کیمپ میں مختلف سرگرمیاں جاری رہیں۔

کنٹری ڈائریکٹر ہیلپنگ ہینڈ امریکہ سلیم منصوری، اسلامک ریلیف، قطر چیریٹی، ریسکیو 1122 سمیت مختلف اداروں کے عہدیداران کو کیمپ میں بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی نائب صدر اعجاز اللہ خان اور ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ فضل محمود نے کہا کہ ڈیزاسٹر بہت تیزی سے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی سیلاب، زلزلے سمیت دیگر قدرتی آفات کی زد میں رہتا ہے۔ اس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن رواں برس 10 ہزار رضاکاروں کو ایمرجنسی ڈیزاسٹر کی تربیت دے گی اور انہیں آفات میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لیے تیار کیا جائے گا جس کے لیے مرکزی، ریجنل اور ضلع سطح تک تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔

اعجاز اللہ خان نے کہا کہ الخدمت کے 23 ایمرجنسی رسپانس سینٹرز قائم ہوچکے ہیں اور پہاڑی علاقوں کے لیے الخدمت ریسکیو بائیک تیار کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پاکستان سمیت پوری دنیا میں خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ترکی کے زلزلے کے دوران ہمیں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔

مرکزی نائب صدر نے کہا کہ حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے خرچ کر چکے ہیں جبکہ 5 ارب روپے سے الخدمت تعمیر وطن پروگرام جاری ہے جس میں گھروں، مساجد اور تعلیمی اداروں کی بحالی کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں