انگلش بلے باز اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا عندیہ دے دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ٹی 20 اور ون ڈے انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کی طرف سے پوچھے جانے پر بین اسٹوکس اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے سکتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نہیں کھیلیں گے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے بعد بین اسٹوکس ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی طرف سے مڈل آرڈر بلے باز کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔ وہ ریگولر بلے باز کے طور پر انگلینڈ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
بین اسٹوکس نے ون ڈے انٹرنیشنل کو خیر باد کہہ دیا
برطانوی میڈیا کے اس انکشاف کے مطابق بین اسٹوکس گُھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہونے کیلئے آئی پی ایل کا 16 لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ ترک کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ انگلش بلے باز نے گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ کو خیر باد کہتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنا سارا فوکس ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر رکھنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ رواں سال بھارت میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں انگلینڈ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ایسے میں بین اسٹوکس کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ انگلینڈ ٹیم کو مزید مضبوط کرسکتا ہے۔