وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن ہمارے دلوں میں خاص جگہ رکھتا ہے، یوم آزادی پر ہم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم آج پاکستان کی یوم آزادی کی 76ویں سالگرہ منارہی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں سمیت پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس دن آزادی کی تاریخی جدوجہد ریاست پاکستان کے قیام پر اختتام پذیر ہوئی۔ قائداعظم کی متحرک قیادت میں اکٹھے ہونے والے مردوں، عورتوں اور بچوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ہم نیٹ ورک کا جشن آزادی ہیش ٹیگ “ہم سے پاکستان” پاکستان میں سب سے آگے
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر رہنماوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ پاکستان قیمتی تحفے کیلئے ہم عظیم رہنماؤں کے احسان مند رہیں گے۔
پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں یوم آزادی کے موقع پر دن کا 21 توپوں کی سلامی سے آغاز ہوا۔ محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔