امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی صحتیاب، نمازِ جمعہ کے دوران طبیعت ناساز ہوگئی تھی


امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی صحت یاب ہوگئے، گزشتہ جمعہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں نمازِ جمعہ کے دوران انکی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔

ادارہ مذہبی امور برائے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امامِ کعبہ کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ امامِ کعبہ کی طبیعت ناسازی کی وجہ بلڈ پریشر اچانک کم ہونا تھا۔ تاہم اب امامِ کعبہ شیخ ماہر المعیقلی خیریت سے ہیں۔

اس موقع پر ادارہ مذہبی امور برائے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے امامِ کعبہ کی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ان کی اور مسجد الحرام کی حفاظت کے لیے دعا بھی کی۔

امام کعبہ نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی

مسجد الحرام کے امام اور دیگر عہدیداران ایک روز قبل شیخ ماہر سے ان کی رہائش گاہ پر خیریت دریافت کرنے بھی پہنچے تھے۔

خیال رہے کہ امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی گزشتہ جمعہ طبیعت خرابی کے باعث نمازِ جمعہ مکمل نہیں کروا سکے تھے۔ جونہی انہوں نے نمازِ جمعہ کی امامت شروع کی تو سورۃ فاتحہ پڑھتے ہوئے انکے بلڈ پریشر میں اچانک کمی آئی، جس وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔

امامِ کعبہ شیخ ماہر المعیقلی کی خرابی صحت کے باعث پہلی صف میں موجود امام و خطیبِ حرم شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے آگے بڑھ کر جمعے کی نماز مکمل کروائی تھی۔


متعلقہ خبریں