ہم نے تو نہیں کہا تھا بچے لے آؤ، محمد حارث کا بھارت کو منہ توڑ جواب


حال ہی میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کے فاتح کپتان محمد حارث نے بھارتی کرکٹرز اور مداحوں کو قومی ٹیم کی فتح پر تنقید کرنے پر منہ توڑ جواب دے دیا۔

سوشل میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ہماری جیت پر کہا گیا کہ پاکستانی ٹیم میں کئی سینیئر کھلاڑی موجود تھے جبکہ بھارت میں چھوٹے بچے تھے۔ ہم نے ان سے چھوٹے بچوں کو ٹورنامنٹ میں بھیجنے کیلئے تو نہیں کہا تھا۔’

محمد حارث کا کہنا تھا کہ ‘کہا گیا کہ ہمارے کھلاڑیوں کا بین الاقوامی سطح پر تجربہ تھا۔ ہمیں بتایا جائے کہ ہم نے کتنے بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں؟ صائم ایوب نے 5 اور میں نے صرف 6 میچز کھیل رکھے ہیں۔ دوسری طرف بھارتی کھلاڑیوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 260 میچ کھیلے ہیں۔

بھارت کو فائنل میں عبرتناک شکست، پاکستان نے ایشیا ایمرجنگ کپ جیت لیا

قومی کرکٹر نے کہا کہ ‘آئی پی ایل کوئی چھوٹی لیگ نہیں، پچھلے 15 سال سے چلی آرہی ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں کا تجربہ صرف 40 سے 45 میچز کا ہے لیکن ایمرجنگ ایشیا کپ میں سب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔’

یاد رہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے کے بعد اکثر بھارتی صحافیوں اور شائقین کی طرف سے یہ کہا گیا کہ پاکستانی ٹیم کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی وجہ سے فائدہ ہوا۔ تنقید کرنے والوں نے کہا کہ یہ میچ تجربہ کار پاکستانی کھلاڑیوں اور نوجوان بھارتی ٹیم کے درمیان مقابلے کی طرح تھا۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ پاکستانی ٹیم میں محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دہانی اور صائم ایوب جیسے بین الاقوامی تجربہ رکھنے والے کھلاڑی شامل تھے۔ دوسری طرف بھارت نے اپنے اسکواڈ میں بنیادی طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا تھا جن کی قیادت 20 سالہ یش دھول کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں