مولانا فضل الرحمان کی دبئی سے واپسی، کسی بھی وقت پاکستان پہنچ جائیں گے

فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دبئی میں تمام سیاسی مصروفیات منسوخ کردیں، جلد ہی پاکستان روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے دبئی میں اپنی تمام مصروفیات اور ملاقاتیں منسوخ کردیں، وہ کسی بھی وقت وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان میں اپنی جماعت کے قائدین اور رہنماؤں سے مسلسل رابطوں میں ہیں اور اس حوالے سے تمام معلومات بھی حاصل کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ ہفتے دبئی کیلئے روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ملاقاتیں کرنی تھیں۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان سے آئندہ عام انتخابات اور نگران حکومتوں کے قیام سے متعلق بھی مشاورت کرنی تھی۔

جے یو آئی کارکنان پر امن رہیں ، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز پیش آنے والے سانحہ باجوڑ کے پیش نظر اپنی تمام سیاسی مصروفیات منسوخ کرتے ہوئے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں جے یوآئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کے نتیجے میں جے یو آئی خار کے امیر سمیت 44 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دھماکے میں 150 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔


متعلقہ خبریں