پاکستان اور امریکہ،افغانستان میں قیام امن کے لیے متفق


اسلام آباد: پاکستان اور امریکہ نے افغانستان میں قیام امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نائب امریکی صدر مائک پنس کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک بات چیت میں کیا گیا۔

نائب امریکی صدر نے نگراں وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں منصفانہ کردار ادا کریں گے۔

نگراں وزیراعظم پاکستان جسٹس (ر) ناصرالملک کے اعلیٰ کیریئرکی بھی نائب امریکی صدر مائک پنس نے تعریف کی۔

پاکستان کی اعلیٰ سول و فوجی قیادت سے گزشتہ 48 گھنٹوں میں اعلیٰ امریکی قیادت کا یہ دوسری مرتبہ رابطہ ہے۔ اس سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پرامریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے رابطہ کیا تھا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق امریکی رویے میں تبدیلی بے وجہ نہیں ہے۔ مبصرین کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور پینٹاگون کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ افغانستان میں امن واستحکام پاکستان کی مدد کے بغیرلانا ناممکن ہے۔

مائک پومپیو سیکریٹری خارجہ کا منصب سنبھالنے سے قبل امریکن سی آئی اے کے سربراہ کے طور پرفرائض سرانجام دے رہے تھے۔ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ’خاص‘ اعتماد حاصل ہے۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات کی سرد مہری کو پگھلانے کا کارنامہ بھی مائک پومپیو نے انجام دیا ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان اورامریکہ کے درمیان تعلقات میں سخت کشیدگی پائی جارہی تھی۔


متعلقہ خبریں