عاشورہ محرم، ہمیں حضرت امام حسین ؓ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے،صدر و وزیراعظم


یوم عاشورہ کے موقع پرصدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی تاریخ میں عاشورہ محرم کی بہت اہمیت ہے۔

صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور عظیم تر مقصد کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے، شہادت امام حسین ؓ کا فلسفہ ظلم و جبر کے خلاف ہر قیمت پر ڈٹ جانا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین ؓ نے طاقت اور تعداد کم ہونے کے باوجود اسلام کے اصولوں، اقدار سے دستبردار ہونے سے انکار کیا، انہوں نے اسلام کی حقیقی تعلیمات کے تحفظ کے لیے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اپنی جان قربان کر دی۔

صدر عارف علوی نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ متحد ہو کر اور اپنے اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی ترقی کے لئے کام کریں۔

یوم عاشور کے موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین ؓ نے اصحاب اور اہل بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان کی قربانی ہمیں غیرمتزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے، ہمیں حضرت امام حسین ؓ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ اور ہماری قوم پر رحم فرمائے، اسلام کی تعلیمات اور حضرت امام حسین ؓ کی عظیم میراث پرثابت قدم رہنے کی اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائیں۔


متعلقہ خبریں