دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع


دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

قصورکی ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے 5 دیہات خالی کرالئے ہیں،دیہاتوں سے نقل مکانی کا عمل جاری ہے۔

کھیتوں اور گزرگاہوں میں پانی آجانے سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، قصور ستلج سے ملحقہ علاقوں میں بارش ہونے سے سیلاب زدگان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ ٹبہ سلطان پور میں دریائے ستلج میں ہیڈ سائفن کے مقام پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، یہاں پانی کی آمد 27662 کیوسک جبکہ پانی کا اخراج 25626کیوسک ریکارڈکیا گیا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

ٹبہ سلطان پورمیں سیلابی ریلے سے دریائی پٹی سے ملحقہ علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے بستی کوٹ بھٹہ کا حفاظتی بند دوبارہ ٹوٹنے کا خطرہ ہے، دریائے ستلج میں پانی کے اضافے پرضلعی انتظامیہ وہاڑی بھی متحرک ہو گئی ہے، ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے متعلقہ اداروں کو ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا اور کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بھکر، لیہ، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان کے اضلاع میں فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں