پاکستان 37سال بعد جونیئر اسکواش کا ورلڈ چیمپئن بن گیا


پاکستان 37 سال بعد جونیئر اسکواش کا ورلڈ چیمپئن بن گیا، اس سے پہلے جان شیرخان نے 1986 میں اسکواش چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔

پاکستان کے حمزہ خان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت کر بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ حمزہ خان فائنل میں مصرکے کھلاڑی کو 1-3 سے شکست دے کر ورلڈ اسکواش چیمپیئن بنے۔

خیال رہے کہ 15 سال بعد کسی پاکستانی کھلاڑی کی ورلڈ جونیئرز کے فائنل تک رسائی ممکن ہوئی تھی۔ سیمی فائنل میں حمزہ نے فرانس کے میلول سیانی مینیکو کو 2-3 سے شکست دی۔ حمزہ اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان سیمی فائنل میچ 81 منٹ تک جاری رہا تھا۔

اسکواش لیجنڈز جہانگیر خان، جان شیر خان کو تمغہ امتیاز سے نواز دیا گیا

اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف نے بھی حمزہ خان کو ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 37 سال بعد ٹائٹل پھرسے پاکستان کے نام کرنے پر حمزہ خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حمزہ خان نے 1986 کی ورلڈ اسکواش چیمپئن جان شیر کی فتح کی یاد تازہ کردی۔ اسکواش کے میدان میں پاکستان کا پرچم ایک بار پھر بلند کرنے پر قوم آپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے آنے والے وقت میں آپ اسکواش میں پاکستان کو ایک بارپھر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اس موقع پر حمزہ خان کے والدین، کوچ اور تمام ٹیم کو بھی مبارکباد دی۔

دوسری طرف ہائیر کمپنی کے سی ای او اور پشاور زلمی کے چیئرمنین جاوید آفریدی نے حمزہ خان کیلئے بڑی انعامی رقم کا اعلان کردیا۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے حمزہ خان کو مبارکباد دیتے ہوئے زلمی فاونڈیشن کی طرف سے 1 ملین کی رقم دینے کا اعلان کیا۔


متعلقہ خبریں