بھارت نے پاکستانی دریاؤں میں مزید پانی چھوڑ دیا


بھارت کی جانب سے  پاکستانی دریاوں میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا، دریائے راوی سمیت دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے مزید پانی چھوڑے جانے اور مون سون بارشوں کے باعث دریائے راوی بپھرنے لگا۔ سیلابی ریلے نے شکر گڑھ کے سرحدی علاقے میں فصلیں تباہ کر دی جبکہ نالہ ڈیک سے سیلابی ریلا گزر گیا۔

بھارت کی طرف سے چھوڑا گیا پانی بارودی سرنگیں بھی اپنے ساتھ بہا لے آیا۔ یہ بارودی سرنگیں شہریوں کیلئے زیادہ خطرے کا باعث ہیں۔ سرحدی علاقے سپوال اور لہری سے بہہ کر آنے والی تین بارودی سرنگیں برآمد کی گئیں۔

دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند، کھڑی فصلیں زیر آب، الرٹ جاری

دوسری طرف دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا جس سے بہاولنگر کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وجہ سے ملحقہ دیہات اور آبادیاں خطرے کی زد میں ہیں۔

پانی کی سطح بڑھنے کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب متاثرین ایسی صورتحال میں نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔


متعلقہ خبریں